بنگلورو۔23/جنوری(ایس او نیوز) وزیر اعلیٰ سدرامیا نے کہاکہ ریاست میں خشک سالی سے نمٹنے کیلئے مرکزی حکومت سے اب تک ایک روپیہ بھی ریاستی حکومت کو نہیں ملا ہے۔آج شہر میں سبھاش چندرا بھوس جینتی تقریبات کے موقع پر ودھان سودھا کے احاطہ میں ان کے مجسمہ پر پھول چڑھانے کے بعد اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ ریاستی حکومت نے خشک سالی سے نمٹنے کیلئے تمام ضوابط کو ملحوظ رکھتے ہوئے مرکز سے 4072کروڑ روپیوں کی امداد جاری کرنے کی گذارش 27/ اکتوبر کو کی تھی، مرکزی وزیر داخلہ راجناتھ سنگھ کی صدارت میں منعقدہ اعلیٰ اختیاری کمیٹی نے کرناٹک کو 1782کروڑ روپے فوراً جاری کرنے کی سفارش کی، لیکن اب تک اس میں سے ایک روپیہ بھی کرناٹک کو نہیں ملا ہے۔
وزیر اعلیٰ نے کہاکہ ریاستی بی جے پی قائدین خشک سالی سے نمٹنے میں ریاستی حکومت کو ناکام قرار دیتے ہوئے سارے ریاست میں ڈھنڈورا پیٹ رہے ہیں۔ مرکزی حکومت کی طرف سے اب تک ریاست کو جو امداد نہیں ملی ہے انہیں چاہئے کہ مرکز پر دباؤ ڈال کر فوراً کرناٹک کو امداد دلانے کی کوشش کریں۔ انہوں نے کہاکہ یڈیورپا اور ایشورپا کو اگر اتنی ہی ذمہ داری ہے تو دہلی میں بیٹھ کر کرناٹک کیلئے امداد ی رقم جاری کروائیں۔ انہوں نے کہاکہ جس وقت یڈیورپا ریاست کے وزیر اعلیٰ اور مرکز میں یو پی اے حکومت تھی، 2009میں سنگین خشک سالی کی صورت میں مرکزی حکومت نے 1500کروڑ روپیوں کی امداد کا اعلان کیا۔ انہوں نے کہاکہ خشک سالی سے نمٹنے کیلئے راحت کاری فنڈ فراہم کرنا مرکزی حکومت کی ذمہ داری ہے۔اس ذمہ داری سے مرکز ہرگز دامن بچانہیں سکتا۔ انہوں نے کہاکہ چودھویں مالیاتی کمیشن کی تمام سفارشات کو پورا کرتے ہوئے حکومت نے خشک سالی سے نمٹنے کیلئے مرکز سے امداد مانگی ہے۔ اس امداد کی رقم اگر کرناٹک کو جلد از جلد مل جائے تو راحت کاری کے کاموں کو اور بھی تیزی سے آگے بڑھایا جاسکتا ہے۔ ایسا کرنے کی بجائے بی جے پی لیڈران اگر الزام تراشیاں اور ڈھونڈورا پیٹنے میں وقت گزاری کریں گے تو بہت جلد ریاستی عوام کے سامنے ان لوگوں کی حقیقت سامنے آجائے گی۔
لوک آیوکتہ کے عہدہ پر وظیفہ یاب جج جسٹس وشواناتھ شٹی کے تقرر کی سفارش کو گورنر کی طرف سے لوٹا دئے جانے پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے سدرامیا نے کہاکہ ریاستی حکومت کی طرف سے کی گئی سفارش پر اعتراض کرتے ہوئے گورنر نے جو فائل واپس کی ہے اس سلسلے میں حکومت چند وضاحتوں کے ساتھ دوبارہ جسٹس وشواناتھ شٹی کو لوک آیوکتہ بنانے کی سفارش گورنر کو پیش کرے گی۔ انہوں نے کہاکہ گورنر نے اس سلسلے میں چند خدشات ظاہر کئے ہیں ان کا ازالہ کرنے کی کوشش کی جائے گی۔آج راج بھون میں گورنر واجو بھائی والا سے ملاقات کے متعلق ایک سوال پر سدرامیا نے کہاکہ یہ ملاقات صرف گورنر کوان کے جنم دن کی مبارکباد دینے کیلئے تھی، اس ملاقات کے دوران وشواناتھ شٹی یا کسی بھی مسئلہ پر کوئی بات چیت نہیں ہوئی۔